لندن/ اسلام آباد (اے این این+ این این آئی+ ریڈیو نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ جلد نیا سیاسی گروپ تشکیل دوں گا‘ مجھے کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا‘ میں نے اکبربگٹی کو خود جاکے نہیں مارا‘ اس کا م میں حکومت ‘ فوج اور ایجنسیاں شامل تھیں۔ شاہ عبداللہ مجھے بھائی کہتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نوازشریف آرٹیکل 6پر مجھے نہیں چھیڑینگے۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری مجھے نااہل قراردینے کا فیصلہ کرچکے تھے ‘ لال مسجد میں آپریشن کے وقت آئی ایس آئی کے دو افراد اندر موجود تھے ‘حمید گل وزیراعظم بنناچاہتے تھے‘ فوج میں انہیں کاغذی شیر کہا جاتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ تین نومبر 2007ء کو ایمرجنسی لگانے سے قبل میں نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی‘ آئی ایس آئی کے سربراہ اور 9کور کمانڈروں سے مشاورت کی تھیں۔ سب نے یہی مشورہ دیا کہ ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ اس وقت کے وزیر اعظم ، وفاقی کابینہ اور گورنرز کی بھی یہی رائے تھی اس لئے 3نومبر کا اقدام حکومت اور فوج کا مشترکہ اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں چالیس منٹ دورانیے کے دو لیکچرز دے کر دو لاکھ ڈالر وصول کئے تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے دور میں کسی کو پاکستان کیخلاف بولنے کی جرات نہیں ہوئی مگر اب کھلم کھلا بلوچستان کی آزادی کی بات ہورہی ہے‘ لال مسجد کی دوبارہ تعمیر کیلئے نوازشریف رقم فراہم کررہے ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ امریکہ کے حوالے سے میری اور صدر آصف علی زرداری کی خارجہ پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ نائن الیون کے بعد امریکہ کی بات نہ مانی جاتی تو امریکی فوج پاکستان میں داخل ہو کر ہمارے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کر سکتی تھی اور یہ بھی ہو سکتا تھا کہ امریکہ اور بھارت مل کر پاکستان پر حملہ کر دیتے۔ انہوں نے کہاکہ اکبر بگٹی قتل اور آرٹیکل 6کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔ اُمید ہے چیف جسٹس انصاف فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ میرے خلاف آرٹیکل 6کا مقدمہ چلایا گیا تو میں ساتھ دینے والے ججوں کیخلاف بھی اسی آرٹیکل کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرونگا۔ دریں اثناء ریڈیو نیوز کے مطابق پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرے اور موجودہ حکومت کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ نے انہیں قوم سے معافی مانگنے کیلئے نہیں کہا۔ این آر او پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا‘ مشرف نے کہاکہ شجاعت حسین کی یہ بات غلط ہے کہ ق لیگ کو ہرانے کیلئے دھاندلی کرائی۔ ایک سوال پر کہاکہ میں پاکستان آکر سیاست کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدان خود فوج کو مداخلت کی دعوت دیتے ہیں۔