منچھرجھیل میں پانی کی سطح مزید چھ انچ بلند ہوگئی۔آرڈی ستر سے آر ڈی نوے پر شدید دباؤ برقرار رہنے  سے بند کسی بھی وقت ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔

Sep 14, 2010 | 15:21

سفیر یاؤ جنگ
منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، اڑل واہ کے گیٹ کھولے جانے کے باوجود پانی کی سطح میں کمی نہیں ہوسکی، اس وقت جھیل میں پانی کی سطح ایک سو بیس اعشاریہ چار ریڈ لیول پر پہنچ گئی ہے ۔ پانی میں اضافے سے جوہی شہر اور میہڑ کی یوسی قاضی عارف سمیت تین یونین کونسلز کے مزید اسی دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ ادھر بوبک اور لال باغ کو لاحق خطرات کے باعث ان علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ٹھٹھہ میں کوٹ عالمو کے مقام پر پڑنے والے شگاف کی چوڑائی دو ہزار فٹ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ
جاتی سجاول، بٹھورو سجاول اور بدین سجاول شاہراہ اب تک زیر آب ہے۔ سیلاب کے پانی کا رخ جاتی کی جانب ہے جس کے باعث تحصیل میں پانی کی سطح دس فٹ سے زائد ہوگئی ہے۔ دوسری جانب کیمپوں میں مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث متاثرہ افراد اپنے ڈوبے ہوئے گھروں کو واپس جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سجاول میں سیلاب میں بہہ جانے سے دو سالہ بچہ جبکہ لاڑکا نہ میں گیسٹرو سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے سیلاب کے باعث ٹھٹھہ کے تمام تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ کے لئے بند کردیئے ہیں۔
مزیدخبریں