”ڈینگی سے تحفظ کیسے؟“

Sep 14, 2012

مراسلات

 مکرمی! موجودہ سیاسی طور پر کرپٹ دور میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خود ہر جگہ کا دورہ کر رہے ہیں اور ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں ہر ہسپتال میں جا کر مریضوں کا حال پوچھ رہے ہیں۔ کھلی کچہریاں لگا کر عوام کی شکایات بھی سن رہے ہیں، ان کا حل بھی ڈھونڈ رہے ہیں اور غفلت برتنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف موقع پر ہی کارروائیاں بھی کر رہے ہیں کچھ لوگ جل کر کہتے ہیں کہ وہ تو ون مین شو ہے لیکن ان تنقید کرنے والوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ صرف وزیر اعلیٰ پنجاب ہی ڈینگی کی اس خوفناک وباءکا مقابلہ کرنے کیلئے میدان عمل میں نظر آ رہے ہیں۔ باقی کسی کو توفیق بھی تو نہیں ہوئی کہ وہ کسی ہسپتال میں جا کر مریضوں سے ان کے مسائل دریافت کرے ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر ضروریات و سہولیات کا اندازہ لگائے جہاں کہیں دوائیوں اور انتظامی افراد کی کمی ہے اسے پورا کرے اور جہاں کہیں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے سلسلے میں کوتاہی اور لاپروائی ہو رہی ہے اس کا تدارک کرے۔ انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ ڈینگی سے تحفظ کے معاملہ میں میاں شہباز شریف کی شبانہ روز کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے سو علامہ عبدالستار عاصم نے ڈینگی سے متعلق ایک کتاب لکھ کر یہ حق ادا کر دیا ہے۔ اس کتاب میں عام بخار کے گھریلو ٹوٹکوں اور آسانی سے دستیاب پھلوں وغیرہ سے علاج کی تجاویز کے ساتھ ڈینگی وائرس کی دریافت سے لیکر ڈینگی مچھر کی موجودہ دور تک کی ستم رانیوں کی تفصیل درج ہے۔ سب سے پہلے اس موذی بخار کے مریض کب اور کہاں تشخیص کئے گئے پھر کن کن ممالک اور خطوںمیں یہ مچھر پہنچا۔پاکستان میں یہ مچھر کہاں سے اور کیسے سفر کرکے پہنچے۔ پاکستان کے کون سے شہر میں اس مرض کا پہلا مریض جاں بحق ہوا۔ اس موذی وائرس سے تحفظ کیلئے کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ مچھروں کے خاتمے کے لیے کیا کیا اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ وغیرہ وغیرہ ہر پڑھا لکھا شہری اس کتاب کا مطالعہ کرکے اپنے آپ کو اور اپنے قریبی لوگوں کو اس وباءسے محفوظ کر سکتا ہے۔ اس کتاب ”ڈینگی سے تحفظ کیسے؟“ کی قیمت انتہائی کم ہے اور یہ کتاب شہریوں کی خدمت کیلئے کتاب شائع کی گئی ہے۔ ڈینگی کے موضوع پر یہ پہلی مکمل کتاب ہے اسے فوری طور پر سکولوں، کالجوں اور لائبریریوں میں رکھوا کر عوام الناس طلباءاور قارئین کو اس مرض سے متعلق بنیادی معلومات بہم پہنچانے کے کار خیر کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دینا چاہیے۔ یہ کتاب مقبول اکیڈمی 199سرکلر روڈ، اردو بازار، لاہور فون نمبر: 0333-0323-4393422 سے حاصل کر سکتے ہیں۔ملک مقبول احمد

مزیدخبریں