”امریکہ پر بڑے حملے کیلئے موقع کی تلاش میں ہیں“: ایمن الظواہری

واشنگٹن (آن لائن + اے ایف پی) القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری نے ایک ویڈیو پیغام ویب سائٹ پر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم امریکہ پر بڑے حملے کیلئے موقع کی تلاش میں ہیں۔ نائن الیون کو 12 سال مکمل ہونے پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سب سے بڑی کمزوری اس کے سکیورٹی اخراجات ہیں، ہم اسے دفاعی اخراجات میں الجھا کر معاشی طور پر تباہ کرنا چاہتے ہیں، 72 منٹ پر مشتمل پیغام میں الظواہری نے کہا کہ القاعدہ یمن، عراق اور افغانستان میں امریکہ کو شکست دے چکی، اب امریکہ کواس کی اپنی سرزمین پر شکست دینے کیلئے انفرادی طور پر حملے کئے جائیں گے، ہم امریکہ پر بڑے حملے کے لئے موقع کی تلاش میں ہیں، چاہے اس کیلئے کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔ ایمن الظواہری نے مسلمانوں پر زور دیا کہ امریکہ کا اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے۔ امریکہ کو اقتصادی حوالے سے نقصان پہنچانے سے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم امریکہ کو مجبور کر دیں گے کہ وہ سکیورٹی معاملات پر غیر معمولی اخراجات کرے تاکہ اس کی اقتصادیات تباہ ہو جائے۔ امریکہ کا کمزور ترین نکتہ اس کی معیشت ہے، جو پہلے ہی سلامتی اور جنگی امور پر کئے جانے والے اخراجات کی وجہ سے ہِل چکی ہے۔ القاعدہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ امریکہ کو تنا¶ میں رکھتے ہوئے، اس پر ایک دو مزید حملوں کا مطلب ہو گا کہ ہم نے صومالیہ، یمن، عراق اور افغان جنگ میں اسے شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ الظواہری نے بوسٹن بم دھماکوں کا تذکرہ بھی کیا۔ اپریل میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا بوسٹن بم دھماکوں سے امریکیوں کے جھوٹ اور اپنے ہی ساتھ کی جانے والی چالبازی کی تصدیق ہوتی ہے۔ وہ اپنے غرور میں روز روشن کی طرح یہ حقیقت تسلیم نہیں کر رہے ہیں کہ انہیں کسی ایک فرد، آرگنائزیشن یا کسی گروپ کا سامنا نہیں ہے بلکہ مسلم امہ ان کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن