گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ میں قتل کے ملزمان سے مبینہ رشوت لیکر جیل بھجوانے والے تھانیدار کیخلاف ملزمان کے ورثاءکا تھانے پر دھاوا ،خواتین مظاہرین تھانے کے گیٹ پر اینٹیں برساتی رہیں۔ وحدت کالونی کے رہائشی ماموں ، بھانجے انجم اور آصف کو پولیس نے چار ماہ قبل فرید ٹاﺅن کے ایک قتل کے مقدمہ میں گرفتار کیا۔ لواحقین کے مطابق تفتیش کے دوران اے ایس آئی عاشق ناگرہ نے ماموں بھانجے کو بے گناہ قرار دینے کیلئے چار لاکھ روپے رشوت بھی وصول کی اور گذشتہ شب دونوں گرفتار ملزمان کو گناہگار قرار دیکر جیل منتقل کر دیا۔ ورثاءکا کہنا تھا پولیس اب ہم سے 20 لاکھ روپے مانگ رہی ہے کہ 10 لاکھ روپے مقتول کے لواحقین اور 10 لاکھ روپے پولیس کو ادا کرو پھر دونوں ملزمان کو بے گناہ قرار دیں گے جس کے خلاف ملزمان کے لواحقین نے تھانہ سیٹلائٹ ٹاﺅن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ”رشوت خور پولیس سے انصاف دلایا جائے“ جیسے نعرے درج تھے۔ اس موقع پرخواتین مشتعل مظاہرین نے پولیس سٹیشن سیٹلائٹ ٹاﺅن کے گیٹ پر اینٹیں بھی برسائیں اور ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاﺅن کے سامنے خواتین سینہ کوبی کرتی ہوئی ظلم کے خلاف دھائی دیتی رہیں۔ بعد ازاں اعلیٰ حکام کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئیں۔