لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کےلئے وفاقی وزیرریاض پیرزادہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن اور پاکستان میں آئی او سی کے نمائندے سید شاہد علی کو 15 اکتوبر سے پہلے لوزان میں معاملات سلجھانے کی آخری ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ حکومت پاکستان کی آشیرباد سے پی او اے کی متوازی تنظیم کی وجہ سے معاملات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہو گئے ہیں لہذا اس سلسلہ میں تینوں حکام آئی او سی ہیڈکوارٹر آ کر اصل پوزیشن سے آگاہ کریں تاکہ آئی او سی کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکے۔ آئی او سی نے حکومت پاکستان کی جانب سے اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی پر نیشنل اولمپک کمیٹی پی او اے پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں متوازی اولمپک ایسوسی ایشن کے قیام اور نیشنل گیمز جیسے ایونٹس کے انعقاد کے بعد آئی او سی نے صورتحال کا سخت نوٹس لیا ہے چند روز قبل اولمپک کونسل آف ایشیاءنے بھی پاکستان مےں کھیلوں کی تنظیموں کے پانچ عہدیداروں پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی تھی جن میں حکومتی سرپرستی میں قائم ہونے والی متوازی تنظیم کے صدر اکرم ساہی بھی شامل ہیں۔ سید عارف حسن نے آئی او سی کی جانب سے دونوں فریقین کو سوئٹزرلینڈ طلب کئے جانے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالہ سے لیٹر موصول ہوگیا ہے جس میں جلد از جلد متعلقہ حکام سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ حتمی تاریخ کا تعین کیا جاسکے۔ اطلاعات کے مطابق آئی او سی نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ اور پی او اے کے صدر سید عارف حسن کے علاوہ پاکستان میں اپنے نمائندے سید شاہد علی کو بھی مدعو کیا ہے تاکہ مسئلہ کے حل کیلئے غیر جانبدار رائے بھی لی جا سکے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان کو 15 اکتوبر تک آخری ڈیڈلائن دیدی
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان کو 15 اکتوبر تک آخری ڈیڈلائن دیدی
Sep 14, 2013