کوئٹہ: ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ‘ ایک اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق‘ 25 زخمی

Sep 14, 2014

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں ایف سی بلوچستان کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 افراد شدید زخمی ہوگئے دھماکے سے 2گاڑیوں، ایک رکشے اور متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ہفتہ کی صبح کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن لنک سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی میں نصب بم کے ذریعے گشت پر مامور فرنٹیئر کور کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 افراد ایف سی اہلکار حوالدار فرید، سمندر خان اور محمد منیر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 13سکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 افرادزخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیر کور بلوچستان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کی کھڑکیوں اور دکانوں کے شوکیسوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بم گاڑی نمبرAAC-176 میں نصب کیا گیا جس کا وزن 30 سے 40 کلوگرام تھا۔ پولیس نے دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سریاب لنک روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے کہا ہے دہشت گردوں اور معصوم عوام کے قاتلوں کا پیچھا کریں گے۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، عمران خان، سراج الحق اور دیگر نے بھی بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ 

مزیدخبریں