لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے پنجاب حکومت کے زیرانتظام صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کو 1 لاکھ 20 ہزار فوڈ ہیمپرز اور 2 لاکھ 50 ہزار منرل واٹرکی بوتلیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میںریلیف اینڈمیڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں۔ ہم متاثرین کی مدد اور بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے نارووال،شکرگڑھ ، سیالکوٹ کے علاقے بجوات،خانیوال، مظفرگڑھ اوردیگر سیلاب زدہ علاقوں کا 10 گھنٹے تک دورہ کیا۔ انہوں نے شکرگڑھ میں نورکوٹ، چکرا اور نواحی دیہات کا دورہ اور نالہ بھئی کا معائنہ بھی کیا اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا عیدالاضحی سے قبل متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی پہلی قسط جاری کردی جائیگی۔ میں نے اپنی عملی زندگی میں ایسی تباہی نہیں دیکھی۔ پنجاب حکومت نے فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی متاثرہ سڑکوں کی فی الفور تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کیا جائے۔ شکر گڑھ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف کے سوادیگرسیاسی جماعتوں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سیلاب زدگان کی مدد کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی قیادت اور ارکان اسمبلی اسلام آبا میں جشن منا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کا جشن منانے کا فیصلہ مصیبت زدہ عوام کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ سیالکوٹ کے علاقے بجوا ت اور ملحقہ دیہات کے دورہ کے دوران انہوں نے کہیں سے کشتیوں کی کمی کی شکایت ملی تو سخت نوٹس لوں گا۔ انہوں نے کہا متاثرہ دیہات میں تندور لگائے جائیں اور روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مصیبت زدہ بہن بھائیوںکی خدمت عبادت سمجھ کر کی جائے۔ بجوات کے نواحی گائوں کھوجے چک میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں دھرنا دینے والے نہ جانے کس بات کاجشن منا رہے ہیں۔ سیالکوٹ سے مظفرگڑھ تک پنجاب پانی میں ڈوبا ہوا ہے، لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور دھرنا دینے والے جشن منانے میں مصروف ہیں۔ دھرنا دینے والوں کو سیلاب متاثرہ کی مدد اور دلجوئی کیلئے آگے آنا چاہئے۔ قوم نہ صرف دھرنا دینے والوں کو بلکہ انکی نسلوںکو بھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میںسیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی کا پھر دورہ کیا۔ خیمہ بستی میں وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے پہلا میکینکل تندور نصب کر دیا ہے جس سے انتہائی کم وقت میں زیادہ روٹیاں تیار ہوتی ہیں۔ خیمہ بستی میں میکینکل تندور کی تنصیب اور متاثرین کو تازہ روٹیوں کی فراہمی اوردیگر انتظامات میں بہتری پر وزیراعلیٰ نے سخت الفاظ میں انتظامیہ سے استفسار کیا اور کہا جو کام آج ہوا ہے وہ پہلے کیوں نہیں ہوسکتا تھا؟ کیا غریبوں کوروٹی پہنچانے کیلئے میرا ہر جگہ پہنچنا ضروی ہے؟ میں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کیلئے مارا مارا پھر رہا ہوں اور ہر جگہ پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں لیکن میں کہاں کہاں تک پہنچ سکتا ہوں؟ خانیوال کی خیمہ بستی فاضل شاہ میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی امدادی کیمپوں میں تین وقت کا کھانا ہر صورت فراہم کیا جائے۔ پنجاب پانی میں ڈوبا ہوا ہے اوراسلام آباد میں دھرنا افسوسناک ہے۔ دھرنا دینے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی۔ مزید براں یوم انسداد ڈینگی پر ایک پیغام میں شہبازشریف نے کہا ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری ادارے متحرک انداز میں کام کریں اور انسداد ڈینگی مہم کو قومی جذبے کے ساتھ ایک تحریک کے طور پر آگے بڑھایا جائے۔ آج ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا جائیگا، ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور اس موذی مرض کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے۔ شہبازشریف نے سابق ایم این اے ملک انور علی نون کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے اللہ سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ بدوملہی، نارووال سے نامہ نگار کے مطابق انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی سیلاب کی وجہ سے ٹوٹنے والے پلوں اور سڑکوں کی عارضی طور پر مرمت کرکے ٹریفک کو بحال کیا جائے اور بعد میں ان سڑکوں پلوں کی مستقل بنیادوں پر بھی جلد ازجلد تعمیر و مرمت شروع کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا عوام نے انہیں ووٹ کی صورت میں اپنی حق نمائندگی دیکر ایک عظیم احسان کیا ہے، اب ممبران اسمبلی کی ذمہ داری ہے وہ اس احسان کا بدلہ چکانے کیلئے دن رات سیلاب سے متاثرہ عوام کی خدمت کریں۔ شکر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ میرے سیاسی کیریئر میں اتنا بڑا خونیں سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا، میں متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔