بلاول آج سیلاب زدگان کیلئے 15 امدادی ٹرک پنجاب روانہ کرینگے

Sep 14, 2014

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 15 ستمبر (سوموار) کو سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان کے 15 ٹرک پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو اور سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ کے سپرد کریں گے۔ امدادی سامان سے بھرے ٹرک دو دن کے اندر اندر لاہور پہنچ جائیں گے جہاں سے فوراً انکو پیپلز پارٹی کی طرف سے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کی طرف روانہ کردیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر ان کیمپوں کا دورہ بھی کریں گے۔ اس حوالے سے منظور وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزید میڈیکل کیمپ قائم کر رہی ہے تاکہ سیلاب زدگان کو فوری طبی سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ اسکے علاوہ بے نظیر موبائل ڈسپنسری بھی جلد قائم کردی جائیگی تاکہ دوردراز سے تعلق رکھنے والے متاثرین کو وہاں پر ہی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سوشل سروسز ونگ کو لانچ کر رہی ہے جو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی مستحقین کو سہولتیں فراہم کریگی۔ منظور وٹو نے کہا کہ جوہر ٹائون لاہور میں سندھ بینک کی برانچ میں سیلاب کے متاثرین کیلئے بینک اکائونٹ کھول دیا گیا ہے جس میں پہلے دن ہی 19 لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں