پشاور (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام میں آباد میں دھرنے والوں نے حکومت سے معاہدوں کی پاسداری نہیں کی، ایسے لوگوں سے انقلاب اور انصاف کی کیا توقع ہوگی۔ دھرنے والوں کیخلاف آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آبا د میں جاری دھرنوں کے خلاف جے یو آئی (ف) نے پشاور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کو خیبر پی کے کی دھاندلی نظر نہیں آئی اور پنجاب کے چار حلقوں پر احتجاج شروع کردیا۔ دھاندلی کا واویلاسیاسی نظام کوکمزور کرنے کی سازش ہے۔ حکومت نے ہر مرحلے پر لچک کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والوں کی اپنی پارٹی کے ارکان نے استعفے دینے سے انکار کیا ہے۔ جاوید ہاشمی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انہوں نے غیرآئینی اقدامات کی مخالفت کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ہے۔
دھرنے والوں پر جمہوریت کیخلاف بغاوت کا مقدمہ بنایا جائے: فضل الرحمن
Sep 14, 2014