عالیشان پاکستان نمائش میں شریک تاجروں کو بھارتی سی آئی ڈی نے ذہنی طور پر یرغمال بنائے رکھا، بدانتظامی کی تحقیقات کا مطالبہ

کراچی (آن لائن + این این آئی) وفاقی وزارت تجارت کی غفلت کے باعث نئی دہلی میں ہونے والی عالیشان پاکستان نمائش کے پاکستانی شرکاء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نمائش میں شرکت کرنے والے 100سے زائد پاکستانی تاجروںکو بھارتی سی آئی ڈی نے ذہنی طور پر یرغمال بنا رکھا ہے۔ نمائش میں شریک پاکستانی تاجروں نے بذریعہ فون پاکستانی میڈیا سے مدد کی اپیل کی اور پاکستانی میڈیا کے متحرک ہونے کے باوجود نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانہ اور نمائش کے منتظمین پاکستانی تاجروں کی کوئی مدد نہ کرسکے۔ بھارتی سی آئی ڈی نے انتہائی سخت اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا ہے۔ پاکستانی تاجروں کو بھارتی سی آئی ڈی (کرائم برانچ) کے دفتر میں طلب کرکے ملزموں جیسا سلوک کیا گیا۔ پولیس حکام نے واضح کیا پاکستانی تاجروں کے پاسپورٹ پر سرخ سٹمپ لگادی جائیگی۔ بھارت چھوڑنے پربھی پابندی ہوگی جس کے بعد پاکستانی تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہفتے کے روز پاکستانی تاجروں کی بڑی تعداد نئی دہلی میں سی آئی ڈی کے دفتر میں قطاروں میں لگ کر جرمانہ ادا کرتے رہے۔ نمائش میں مشکلات کا سامنا کرنے والے پاکستانی ایگزی بیٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے نمائش میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرائی جائیں اور غفلت کے مرتکب اور پاکستان کی بدنامی کا سبب بننے والے آفیشلزکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن