اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے جرگہ کے سربراہ سراج الحق کی مداخلت سے حکومت اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کے درمیان پیر کو مذاکرات بحال ہونے کا قوی امکان ہے۔ سراج الحق کی کوششوں سے تحریک انصاف و عوامی تحریک کے عام مقدمات میں گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جا رہا ہے تاہم پی ٹی وی‘ اور پارلیمنٹ ہاؤس پر قبضہ میں ملوث افراد کو رہا نہیں کیا جائیگا۔ اگرچہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے حکومت سے مذاکراتی عمل ختم کرنے کے اعلانات کئے جارہے ہیں لیکن ’’درپردہ‘‘ دونوں جماعتوں کی قیادت نے کارکنوں کی رہائی کی شرط پر حکومت سے مذاکرات آگے بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک طرف حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت کو مذاکرات کی میز پر مصروف رکھنا چاہتی ہے جبکہ دوسری طرف مطلوب افراد کے اشتہارات کی اشاعت اور پکڑ دھکڑ سے دونوں جماعتوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کو دھرنے کے شرکاء کی تعداد کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا جارہا ہے۔