اسلام آباد(ثناء نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکار کو پکڑ لیا اور دو گھنٹے یرغمال بنائے رکھنے کے بعد چھوڑا۔دونوں اہلکاروں کو پاکستان تحریک انصاف کے کنٹینر میں لے جایا گیا ان کی تلاشی لی گئی شناختی کارڈ اور آفس کارڈ بھی چھین لئے گئے کارکنوں نے ان اہلکاروں سے کافی دیر تک پوچھ گچھ کر کے چھوڑ دیا۔ان اہلکاروں کے نام حمید اور ساجد بتائے گئے ہیں۔آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اہلکاروں کو دو گھنٹے پرغمال بنائے رکھا اگر کارکنوں نے دوبارہ پولیس کے ساتھ بد سلوکی کی تو سکیورٹی واپس لے لیں گے۔آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے والے کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھرنے سے ایک پولیس اہلکار کو پکڑ لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وردی بھی پھاڑ دی گئی۔ کنٹینر سے اعلان کیا جاتا رہا کہ پولیس اہلکار کو چھوڑ دیا جائے، بعدازاں پولیس اہلکار کو چھوڑ دیا گیا۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے دو پولیس اہلکاروں کو کنٹینر میں یرغمال بنا لیا
Sep 14, 2014