اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) کے صدر دو روزہ دورے پر (کل) پیر کو پاکستان پہنچیں گے۔ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان نیشنل ٹریڈ کوریڈور معاہدہ پر دستخط کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں دھرنوں اور غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کو دیا جانے والا 23 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کا قرضہ معطل کردیا تھا۔ قرض کی معطلی کے بعد ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر نے پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ (کل) پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اپنے دورے کے دوران 5 ارب ڈالر کے ترقیاتی پروگرام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کی کوششوں کیساتھ ساتھ اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان نیشنل ٹریڈ کوریڈور معاہدہ طے پانے کا بھی امکان ہے۔ اے ڈی بی کے صدر کی 16 ستمبر کو وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اے ڈی بی حکام نے صدر کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔
ایشیائی بنک کے صدر کل اسلام آباد پہنچیں گے، نیشنل کوریڈور معاہدے پر دستخط کا امکان
Sep 14, 2014