لاہور+ فیروزوالہ+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور‘ فیروزوالہ میں لاکھوں کی وارداتیں‘ گوجرانوالہ میں مبینہ مقابلہ 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے نشترکالونی میں منظور کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 8لاکھ روپے، ڈیفنس بی میں سعید اور اس کی فیملی سے 5لاکھ روپے، ستوکتلہ میں اقبال اور اس کی بیٹی سے 4لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے اسلام پورہ میں راشد کی دکان سے 4لاکھ، باغبانپورہ میں سلیم کی دکان سے ایک لاکھ 55ہزار، شاہدرہ ٹائون میں شاہد سے 75ہزار اور موبائل، نواب ٹائون میں علی سے 60ہزار اور موبائل، نواں کوٹ میں آصف سے 50ہزار اور موبائل، ماڈل ٹائون میں سے 25ہزار اور موبائل، ہنجروال میں منیر سے 20ہزار اور موبائل لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے ڈیفنس سے ابوبکر، غالب مارکیٹ سے بابر، شمالی چھائونی سے مرشد کی کاریں جبکہ جنوبی چھائونی سے اسلم اور امانت، وحدت کالونی سے رحیم، گجرپورہ سے عمران، شاہدرہ سے زاہد، داتا دربار سے فاروق، باغبانپورہ سے اسلم، مصطفی آباد سے محمد علی، نواب ٹائون سے آداب، گرین ٹائون سے وسیم، ہنجروال سے ناصر، سبزہ زار سے طارق، فیصل ٹائون سے لیاقت، لوہاری گیٹ سے امین، جنوبی چھائونی کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق کالا خطائی روڈ پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر ٹریکٹر ٹرالی روک کر زمیندار اختر خان اور ڈرائیور رشید کو لوٹ لیا۔ نقدی، موبائل چھین کر لے گئے۔ کوٹ عبدالمالک میں چوروں نے فیکٹری میں داخل ہوکر 62 لاکھ روپے مالیت قیمتی سامان غیرملکی چوری کرلی۔ نامعلوم نے محمد نواز کے گھر میں داخل ہوکر ہزاروں کا سامان چوری کرلیا۔ نامعلوم ڈاکوئوں نے نذر حسین کے گھر میں داخل ہوکر لاکھوں کے زیورات، نقدی دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں مبینہ پو لیس مقابلے کے بعد پو لیس نے دو ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ بر آمد کر لیا۔ پو لیس کو اطلاع ملی کہ سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں دو مشکوک افراد گھوم رہے ہیں، ایس پی سول لائن ندیم کھوکھر کی ہدایت پر تھانہ سیٹلائٹ ٹائون اور سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی اس دوران ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے فائرنگ کر دی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کرکے طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکوئوں کے قبضہ سے پسٹل، درجنوں گولیاں اور موٹرسائیکل برآمد کیا گیا۔ پو لیس نے گرفتار کئے گئے ملزمان کا نام صدیق سکنہ سیالکوٹ اور احسان سکنہ بتایا ہے اور پو لیس کا یہ بھی کہنا ہے دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں۔