قاہرہ (رائٹرز) القاعدہ رہنما ایمن الظواہری نے اتوار کے روز آن لائن پوسٹ کئے گئے اپنے ایک آڈیو پیغام میں مسلمان نوجوانوں کو امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں انفرادی حملے کرنے کا کہا ہے۔ اپنے پیغام میں ظواہری نے کہا میں ایسے مسلمانوں جو صلیبی ممالک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں سے کہتا ہوں کہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں۔ اب ہمیں جنگ کو صلیبی مغربی مالک بالخصوص امریکہ کے شہروں اور گھروں کی جانب منتقل کرنے کی طرف توجہ مرکوز کرنا چاہئے۔ ایمن الظواہری نے جہادیوں سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا میں شام اور عراق کے اضلاع میں مجاہدین سے ایک دوسرے کی مدد کرنے اور اکٹھے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ داعش کی جانب سے خلافت کے اعلان کی مخالفت کرنے والے ایمن الظواہری نے کہا خلافت کا فیصلہ خفیہ طور پر بغیر مشاورت کے کیا گیا۔ انہوں نے مجاہدین کے درمیان پانچ شعبوں میں تعاون کی وضاحت کی اور کہا مجاہدین کے آپس کے تصادم کا خاتمہ، مخالفین کو ختم کرنے کی مہمیں روکنا، اختلافات کے خاتمے کیلئے آزاد مذہبی ٹربیونل کی تشکیل، زخمیوں کے علاج کیلئے تعاون اور عام معافی، مہاجرین کیلئے خوراک اور چھتو ںکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا یہ تعاون فوری شروع کیا جائے کیونکہ دشمن نے اسلام کے خلاف صلیبی جنگ تیز کردی ہے۔ مغربی ممالک میں رہنے والے مجاہدین اپنے اہداف کا تعین کریں۔ حملے کے وسائل تلاش کریں اور جاسوسی سے بچتے ہوئے عملی اقدام کرلیا۔ واضح رہے شام میں القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔