اسلام آباد+ طائف (سپیشل رپورٹ+ سٹاف رپورٹر+ ممتاز بڈانی) دفتر خارجہ کے مطابق حرم شریف میں کرین حادثہ میں شہید ہونے والے مزید 5 پاکستانی عازمین حج کی شناخت ہو گئی ہے۔ اس طرح اب تک شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 11 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں کوئٹہ کے محمد یوسف، محمد نادر، سانگھڑ کے نوید مرتضیٰ، گکھڑ منڈی کے محمد عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کے اختر شامل ہیں۔ 36 پاکستانی مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے گزشتہ رات مکہ مکرمہ میں مردہ خانہ کا دورہ کای۔ ٹیم نے دستاویزی شواہد اور عزیز و اقارب کی جانب سے میتوں کی ابتدائی طور پر شناخت کے ذریعے چھ اموات کی تصدیق کی۔ دوسری جانب سعودی وزارت صحت کے مطابق شہدا کی کل تعداد 111 ہو گئی ہے۔ حادثے میں 331 عازمین حج زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثناء خانہ کعبہ کے گرد طواف کیلئے بنائے گئے عارضی پل پر طواف عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق انتظامیہ نے یہ فیصلہ مسجد الحرام میں کرین کے حادثہ کے بعد کیا ہے۔ طواف کیلئے عمر رسیدہ اور وہیل چیئر پر طواف کرنے والوں کیلئے عارضی پل تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ مسجد الحرام کے انتظامات کرنے والے ادارے نے کیا ہے۔ دوسری جانب شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرین حادثہ میں زخمی ہونے والے عازمین حج کو طواف اور حج کے مناسک ادا کرنے کیلئے خصوصی گاڑیاں تیار کرکے زخمی حاجیوں کو دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ زخمی ہونے والے عازمین حج اب خصوصی گاڑیوں میں حج کے مناسک ادا کریں گے۔ اس وقت شہدا کی میتیں شناخت کیلئے المعیم سرد خانے میں رکھی گئی ہیں۔ پاکستانی قونصل خانے نے تصدیق کی ہے کہ حرم شریف میں کرین حادثے کے بعد 10 پاکستانی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کرین حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ وجوہات جلد منظرعام پر لائیں گے۔ سعودی شاہ نے انتظامیہ کو نمازیوں اور زائرین کے ہر طرح کا تحفظ یقینی بنانے زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا ہے ان کے ورثا سعودی عرب میں موجود ہیں۔ سعودی حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیز ہوا کے باعث کرین نیچے گر گئی۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک سعودی ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفانی ہوا ٹاور کرین سے اس قدر زور دار انداز سے ٹکرائی کہ وہ مسجد الحرام کی چھت پر گر گئی۔ آنے والے دنوں کے موسم کے حوالے سے سینٹر آف ایکسیلنس فار کلائمیٹ چینج ریسرچ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ مکہ سمیت سعودی عرب میں اچانک موسم کی تبدیلی کا یہ عمل جاری رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق 11 بھارتی اور دو برطانوی عازمین حج کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔ لاہور خصوصی نامہ نگار سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مکہ مکرمہ کے حادثے پر اظہار افسوس کیاہے ۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ مرزوق زہرانی کے نام خط میں انہوں نے سعودی حکومت ، حادثہ کے شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے اور زخمی ہونے والوں کو صحت سے نوازے۔
سانحہ مسجد الحرام: شہدا کی تعداد 111 ہو گئی‘ 331 زخمی: مزید 5 پاکستانیوں کی شناخت
Sep 14, 2015