عوام کی مایوسیوں کی خوشیوں میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دینگے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اورقومی خزانے کی ایک ایک پائی ایمانداری سے عوام کی فلاح اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں مختلف منصوبوں میں سب سے کم بولی دینے والی کمپنیوں سے کامیاب بات چیت کرکے قومی خزانے کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی جو پنجاب حکومت نے قائم کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ 7برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شفافیت، معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرۂ امتیاز ہے۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔ صوبہ بھرمیں مفاد عامہ کے بڑے منصوبے نہایت شفاف طریقے سے تیز رفتاری سے مکمل کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ صوبے میں میرٹ، شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔ 2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایک بڑے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں طبی سہولتوں کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے اس سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا ادارہ صرف پنجاب کیلئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے ہے اور یہاں ہر مریض کا علاج ہوگا کیونکہ پاکستان پنجاب، بلوچستان، کے پی کے، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلوچستان پر مشتمل ہے۔ انسٹی ٹیوٹ میں جگر اور گردے کے مریضوں کو بہترین علاج معالجہ میسر آئے گا۔ محنت، امانت اور دیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...