ینگون/ واشنگٹن/ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگاران+خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) میانمار میں فوج اور بدھ مت انتہا پسندوں کے مظالم سے تنگ روہنگیا مسلمانوں کی بنگلہ دیش نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مسلمان مہاجر ین کی تعداد 4لاکھ ہو گئی۔ اقوام متحدہ نے میانمار کی فوج پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کیخلاف فوجی آپریشن سفاکانہ ہے۔امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر انڈونیشین صدر جوکو ویڈیوڈوکا کہنا تھا کہ روہنگیا متاثرین کی ہرممکن معاؤنت کی جائیگی میانمار میں تشدد کا سلسلہ فوری ختم ہونا چاہئے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے اپنے تازہ اعداد و شمار میں کہا ہے کہ میانمار سے جان بچا کر 1100سے زائد روہنگیا مسلمان بچے اپنے گھر والوں کے بغیر بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق یونیسیف حکام کا کہنا ہے کہ تن تنہا آنیوالے ان بچوں کے جنسی استحصال، انسانی سمگلنگ کا شدید خطرہ ہے۔ روہنگیا مسلمانوں کے حالیہ بحران سے نمٹنے میں ناکامی پر تنقید کے بعد ملک کی رہنما آنگ سان سوچی نے سچی کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہو کر آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میانمار حکومت کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا آنگ سان سوچی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی۔ مزید تفصیل نہیں دی گئی۔ ادھر امریکی سینٹ میں حکمران جماعت کے سربراہ نے آنگ سوچی کے خلاف مذمتی قرارداد لانے کی مخالفت کر دی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیم نے میانمار کے وزیر خارجہ اور صدارتی امور کی نگراں آنگ سان سوچی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی خاموشی کو مایوس کن قرار دیدیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی انسداد انسانی بحران کی ڈائریکٹر ترانہ حسن نے بنگلہ دیش سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کہا کہ برمی فوج نہتے عوام پر گولیاں بر سا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کا عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والی لیڈر سے یہ توقع نہ تھی۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) بہاولپورکے زیراہتمام میانمار کے مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے لاری اڈہ تاختم نبوت چوک (فوارہ چوک) موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ لاہور سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق وومن رائٹس کمیٹی لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ وومن رائٹس کمیٹی لاہور ہائیکورٹ بارکی چیئرپرسن سائرہ اشفاق، شنیلہ رمضان وائس چیئرپرسن، پاکیزہ عمر سیکرٹری، ممبران انعم شیخ، عروسہ کرن، صوبیہ اشرف، نبیلہ فاطمہ، عزت فاطمہ، سائرہ افضل، ہیرا صفور، قراۃ العین، عائشہ میر اورحنا باجوہ نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاج مظاہرہ کیا۔ دریں اثنا سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹریس نے میانمار حکومت سے روہنگیا پر مظالم روکنے کا مطالبہ کردیا۔ سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی ایک تہائی تعداد کی منتقلی نسل ختم کرنے کے مترادف ہے۔ روہنگیا پر ڈھائے جانے والے مظالم خطے میں عدم استحکام کا سبب بن رہے ہیں۔ میانمار کی صورتحال سانحہ ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام میانماراور کشمیر میں مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم کیخلاف اور مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔قیادت تنظیم مشائخ عظام پاکستان ضلع لاہور کے کوارڈینٹرز پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر محمد راشد نقشبندی ، پیر حاجی افتخار احمد ، پیر سید عدنان اکرم نقشبندی، پیر محمد الیاس قادری ، پیر محمد عاصم نقشبندی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے کی۔ بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ سمندر سے 7کے قریب لاشیں نکال لی گئی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ میانمار سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمان ہیں۔ القاعدہ نے خبردار کیا ہے کہ میانمار کی حکومت کو روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سزا دی جائیگی۔آن لائن کے مطابق القاعدہ کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر میانمار کی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے مظالم پر بیان جاری کیا گیا ہے جس میں دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے روہنگیا مسلمان بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں ۔