آزادی کپ: ورلڈ الیون نے سیریز برابر کر دی‘ فیصلہ کن معرکہ کل‘ عوام دوسرے روز بھی پرجوش

لاہور (چودھری اشرف+ حافظ عمران+ نامہ نگار) آزادی کپ سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ورلڈ الیون نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ فائنل معرکہ کل ہوگا۔ ہاشم آملہ اور تسارا پریرا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ورلڈ الیون نے 175 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔ کپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ کی شراکت میں 41 رنز بنے۔ اس موقع پر فخر زمان سیموئل بدری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 21 رنز بنائے۔ بابر اعظم اور احمد شہزاد کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے۔ احمد شہزاد جو اپنے کیرئر کا 50 واں میچ کھیل رہے تھے، 43 کے انفرادی سکور پر عمران طاہر کی بال پر ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ احمد شہزاد نے 34 بال کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بابر اعظم اور شعیب ملک نے سکور کو تیزی سے بڑھانے کی کوشش کی۔ 135 کے سکور پر بابر اعظم 45 کے سکور پر بدری کا شکار ہو گئے۔ بابر اعظم نے 38 گیندوں کا سامنا کیا جس میں پانچ چوکے لگائے۔ پانچویں وکٹ 156 کے سکور پر گری جب عماد وسیم 15 رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند پر عمران طاہر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بغیر سکور کے پریرا کا شکار ہوئے ان کا کیچ بھی عمران طاہر نے پکڑا۔ اننگز کی آخری بال پر شعیب ملک 39 کے انفرادی سکور پر بین کٹنگ کی گیند پر کولنگ ووڈ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ سہیل خان ایک سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پریرا نے 23 رنز کے عوض دو، سیموئل بدری نے 31 رنز کے عوض دو جبکہ عمران طاہر نے 29 رنز کے عوض اور بین کٹنگ نے 52 رنز کے عوض ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 175 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ورلڈ الیون کی جانب سے تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ انداز اپنایا۔ 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر تمیم اقبال 24 رنز بنانے کے بعد سہیل خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ورلڈ الیون کی دوسری وکٹ ٹم پین کی گری جب وہ 10 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ اس وقت ورلڈ الیون کا مجموعی سکور 71 رنز تھا۔ ہاشم آملہ اور کپتان ڈوپلیسی نے ورلڈ الیون کے سکور کو 106 تک پہنچایا تو ڈوپلیسی نواز کو بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شاداب کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ڈوپلیسی نے 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ نئے کھلاڑی تسارا پریرا میدان میں آئے جنہوں نے پاکستانی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے چھکوں کی برسات کر دی اور پانچ چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 42 ناٹ آئوٹ جبکہ ہاشم آملہ 72 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے بائولنگ میں عماد وسیم نے 27 رنز کے عوض، سہیل خان نے 44 رنز کے عوض جبکہ محمد نواز نے 25 رنز کے عوض ایک ‘ ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پریرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسرے روز بھی میچ کے موقع پر بھی لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہی۔ وارڈنز نے ٹریفک کو چلانے کی بجائے مختلف سڑکوں کو لوہے کے بیرئر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اس طرح کے مقابلوں سے نئے کھلاڑی کو سیکھنے کا بہت مواقع ملتے ہیں۔ دوسرے میچ میں فیلڈنگ میں غلطیاں ہوئیں، ٹارگٹ کم نہیں تھا مگر ہاشم آملہ نے بہترین بلے بازی کی۔ اگلے میچ میں ہم غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ ورلڈ الیون نے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ دوسرے میچ میں بائولرز کی کارکردگی اچھی رہی۔ پاکستان کو بڑے ہدف تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔ تیسرا میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے۔ کرائوڈ نے شاندار حوصلہ افزائی کی ہے ۔ بلے بازوں نے ذمہ داری نبھائی ہے۔ مین آف دی میچ ورلڈ الیون کے تسارا پریرا نے کہا کہ میں ورلڈ الیون سکواڈ میں ایک بڑے مقصد کے لئے شامل ہوا، پاکستان کے میدان آباد دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ دوسرے روز بھی شائقین کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا‘ لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...