لاہور+ فیصل آباد+ سرگودھا (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور‘ فیصل آباد اور سرگودھا سمیت کئی شہروں میں بارش‘ فیصل آباد میں ہوٹل کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق 7 زخمی‘ لاہور میں 84فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ چنیوٹ جھمرہ روڈ پر گزشتہ شام تیز آندھی کے دوران ایک نجی ڈرائیور ہوٹل کی خستہ حال چھت اچانک زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجہ میں چھت کے ملبے تلے دب کر چک نمبر21ج۔ب کا رہائشی پچاس سالہ سرور جاں بحق ہو گیا اور باقی سات افراد چک نمبر157ر۔ب کا رہائشی سلیم، چنیوٹ کا ریاض، پشاور کا رحمت، پشاور کا ہی فضل رحیم، فیصل آباد رحمت آباد کا طارق، چک نمبر25ج۔ب کا رہائشی عبدالجبار اور بنوں کا رہائشی محمد ساجد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے سول ہسپتال جھمرہ اور الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق شخص کی نعش جھمرہ پولیس نے تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں شدید آندھی اور کئی علاقوں میں بارش سے شہر کے کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں دوپہر کے وقت بارش اور شام کے وقت آندھی کے ساتھ بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ۔ لیسکو کے پانچ گرڈز فنی خرابی کے باعث بند ہو گئے اور 84 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے ان گرڈز اور فیڈرز سے منسلک علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے ۔ کئی علاقوں میں آندھی کے باعث درخت اور سائن بورڈ تاروں پر گر گئے ۔ چند مقامات پر ٹرانسفارمرز بھی گر گئے ۔ لیسکو کی جانب سے بارش رکنے کے فوری بعد بحالی کا کام شروع کردیا گیا جو رات گئے تک مکمل کیا گیا ۔ جن علاقوں میں تاریں ٹوٹ گئیں اور ٹرانسفارمر گر گئے ان علاقوں میں بجلی کی بحالی میں تاخیر ہوئی۔ سرگودھا اور گردوانوح میں گزشتہ روز بعد دوپہر ہونے والی موسلادھار بارش سے شہری و دیہی علاقے زیر آب آگئے، نکاسی آب کے تباہ حال نظام سے پانی کی نکاسی ممکن نہ ہونے کے باعث گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی گھڑا ہوگیا‘ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو کر تعمیرات کو نقصان پہنچانے لگا، شہری علاقہ میں گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے‘ آمدورفت کے ذرائع مکمل مسدود ہوگئے جس سے لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے۔