پارٹی رجسٹریشن منسوخی: الیکشن کمشن نے مسلم لیگ ن سے 26 ستمبر تک جواب طلب کر لیا

Sep 14, 2017

اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) الیکن کمشن نے مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخی، نواز شریف کو سیاسی سر گرمیوں اور پارٹی مداخلت سے روکنے کے حوالے سے دائر درخواستیں یکجا کر دیں۔ مسلم لیگ ن کے وکیل سے 26ستمبر تک جواب طلب کر لیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سر براہی میں پانچ رکنی کمشن نے درخواستوں پر سماعت کی ۔ پاکستان تحریک انصاف ، عوامی تحریک اور دیگر کی جانب سے چار درخواستیں الیکشن کمشن میں دائر کی گئی ہیں جن میں موقف اختیار کیا گیا پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخ جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سیاسی سرگرمیوں بالخصوص پارٹی معاملات میں مداخلت سے روکا جائے ۔الیکشن کمشن نے تمام درخواستیں یکجا کر دی ، ن لیگ کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت دینے کی استدعا کی جسے منظور کر لیا گیا ۔ الیکشن کمشن نے مسلم لیگ ن کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 26ستمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں