لندن( نوائے وقت رپورٹ)پاکستان کی کنزا عظیمی نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کرتے ہوئے سب سے بڑا اعزاز (سیڈ پرائز) حاصل کیا ہے۔ یہ کلاس58 ممالک سے آئے ہوئے 327 طالب علموںپر مشتمل ہے۔ سیڈ بزنس سکول کے ڈین پیٹرٹو فانو نے اس اعزاز کا اعلان تکمیل کورس کی تقریب میں کیا۔ سیڈ پرائز آکسفورڈ کمیونٹی کے ایم بی اے پروگرام میں ایک طالب علم کو شاندار ترین تعلیمی اور غیرنصابی کارکردگی کے اعتراف میں پیش کیا جاتا ہے۔ ڈین نے کنزا عظیمی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کنزا عظیمی ’ڈین آنر لسٹ‘ میں پوزیشن پانے کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ بزنس نیٹورک برائے وومن لیڈر شپ میں بحیثیت کو چیئر منتخب ہوئیں جو سال کا سب سے فعال آکسفورڈ بزنس نیٹ ورک رہا۔ لیڈر شپ پوزیشن میں خواتین کی شرکت اور صنفی مساوات کیلئے جدوجہد اور خواتین کے عالمی دن کی تقریب منظم کرنے پر وہ اپنی کلاس کی فعال ترین طالبہ رہیں۔کنزا عظیمی نے 2013 ء میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS)سے امتیازی پوزیشن کے ساتھ گریجوایشن کیا تھا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی پاکستانی طالبہ کنزا اعظمی کیلئے سیڈ پرائز کا اعزاز
Sep 14, 2017