لاہور + پشاور (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے سیکرٹریٹ کے قریب سے پکڑے جانے والے دہشت گرد کے بارے میں بتایا ہے کہ کہ عرفان کو حساس ادارے نے حراست میں لیا ہے۔ وہ انتہائی مطلوب افراد کی لسٹ میں شامل تھا لیکن اس سے کوئی خودکش جیکٹ یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ اس سے حساس ادارے کی جانب سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عرفان گرفتاری سے چارگھنٹے قبل ہوٹل میں آیا اس نے کمرہ کرائے پر حاصل کیا اور تیسری منزل میں اپنے کمرے میں چلا گیا۔ اس دوران عامر ہوٹل کے بیسمنٹ میں ایک مذہبی تنظیم اور صوبائی وزیر زعیم قادری نے پریس کانفرنس کرنا تھی کہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے ہوٹل کو سیل کر کے تیسری منزل سے عرفان کو گرفتار کیا۔ علاوہ ازیں پنجاب سول سیکرٹریٹ کے قریب ہوٹل سے دہشت گرد پکڑے جانے کے بعد پولیس نے گزشتہ روز شہر بھر کے ہوٹلوںاور گیسٹ ہاؤسز میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ہوٹل سے گرفتار مشکوک شخص عرفان کی گرفتاری کے بعد لاہور پولیس نے شہر بھر میں ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز میں چھاپے مار کر وہاں پر موجود افراد کو بائیو میٹرک سے چیکنگ کی جارہی ہے۔ قبل ازیں سپیشل پولیس یونٹ پشاور نے کالعدم تنظیم کا پرچار کرنے پر 3 مبینہ دہشت گردوں کو رنگے ہاتھوںگرفتار کرلیا جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے یونٹ حکام کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ملی کہ حاجی کیمپ بس سٹینڈ کے قریب چند افراد کالعدم تنظیم کے پمفلٹس تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور نے دفعہ 144ضابطہ فوجداری کے تحت حکم دیا ہے کہ ضلع پشاور میں اسلحہ و گولہ بارود کے کارخانوں اور اسلحے کا کاروبار کرنے والی دکانیں 8،9 اور 10محرم الحرام 2017 کو تین دنوں کے لئے بند کر دی جائیں۔ پشاور شہر اورکینٹ کے علاقوں میں عرصہ 10دنوں کیلئے (یکم محرم سے دسویں محرم2017تک) افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے کو دفعہ188 تعزیرات پاکستان کے تحت سزا دی جائیگی۔ یہ حکمنامہ 10 دنوں کیلئے نافذالعمل رہے گا۔اس امر کا اعلان ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کیا گیا۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال برقرارکھنے کیلئے سرچ اینڈ سٹرائیک اور ٹارگٹڈ آپریشنز میں مزید تیزی کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب 828 اشتہاری ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد ٗ جدید خود کار اسلحہ ٗ آئی ای ڈیز ٗ ہینڈ گرینڈز اور منشیات برآمد کرلی گرفتار ملزموں میں متعدد دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ یہ انکشاف ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے پریس کانفرنس میں کیا۔