وزیرا عظم کی خورشید شاہ سے ملاقات‘ نئے چیئرمین نیب کے تقررپر مشاورت

Sep 14, 2017

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے ایشو پر بات چیت کی گئی موجودہ چیئرمین نیب کی معیاد نومبر میں ختم ہورہی ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ نئے چیئرمین کی تعیناتی کا معاملہ مکمل طور پر قانون کی حدود کے اندر رہتے ہوئے نمٹایا جائے گا۔ واضح رہے کہ قانون کے تحت چیئرمین نیب کا تقرر وزیراعظم اپوزیشن کی مشاورت سے کرتے ہیں۔ حکومت اس سلسلہ میں تین نام اپوزیشن کو دے گی اپوزیشن کے قائد کو اگر ان میں سے کسی ایک نام میں اتفاق ہوا تو اس پر رضا مندی ظاہر کریں گے۔ جبکہ عدم اتفاق کی صورت میں تین نام حکومت کو ارسال کریں گے۔ حکومت اپوزیشن عدم اتفاق کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ (ن) کے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی‘ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق‘ چیئرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی‘ یورپی یونین کے سفیر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ارکان اسمبلی کے وفد سے ملاقات میں ارکان کے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں پر نظر رکھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے زیرالتواء منصوبوں کو مکمل کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ملک کا کوئی حصہ ترقی میں پیچھے نہ رہ جائے۔ فرانکوائس کوئین نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ پارٹنر شپ ہے۔ جبکہ یورپی یونین اس میں مزید اضافہ کی خواہش رکھتی ہے۔ یورپی یونین پاکستانی برآمدات کی بڑی مارکیٹ ہے۔یورپی یونین کے سفیر سے ملاقات میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مسلسل روابط کے عزم پر مبنی ہیں ، یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور اس کی برآمدات کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ ہے جی ایس پی پلس سکیم نے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور اس کے اقتصادی اور ایجنڈے کے فروغ کے لئے تعمیری فریم ورک فراہم کیا۔

مزیدخبریں