پنجاب بھر میں مقامی کوئلے سے چھوٹے کول پاورپلانٹس لگانے پر پابندی کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میںاجلاس سے خطاب کیا،جس میں سالٹ رینج میں مقامی کوئلے سے بجلی کا کارخانہ لگانے کے حوالے سے جرمنی کے ماہرین کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سالٹ رینج میں مقامی کوئلے سے بجلی کاکارخانہ لگانے کے حوالے سے جامع سٹڈی مرتب کی جائے اور مقامی کوئلے کی کوالٹی کی مکمل جانچ پڑتال ہونی چاہیے۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں مقامی کوئلے سے چھوٹے کول پاورپلانٹس لگانے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلے کی وزیراعلی نے منظوری دی ـوزیراعلی نے کہاکہ چھوٹے کول پاورپلانٹس لگانے پر پابندی کا فیصلہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے پیش نظر کیاگیاہے اورآئندہ پنجاب میں 600میگا واٹ کی پیداواری گنجائش سے زائد کے کول پاورپلانٹس لگیں گے اورنئے پلانٹس کے لئے سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہوگاـ انہوںنے کہاکہ کانوں کی کارپوریٹ لیزنگ کے عمل کو متعارف کرایاجائے اوراس ضمن میں موثر ماڈل اپنا کر اس پر عملدرآمد کیاجائےـجرمنی کے ماہرین نے سالٹ رینج میں کوئلے کے وسائل کے تخمینہ جات کے بارے میں رپورٹ پیش کیـ صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی ماڈل ٹاؤن جبکہ صوبائی وزراء چوہدری شیر علی خان،شیخ علاؤالدین،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ حکام اورجرمنی کے ماہرین نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن