پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر‘ آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

Sep 14, 2018

لاہور (خبر نگار) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میںتمام چیفس آف اسٹاف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں ، منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ نیول چیف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شہدائے وطن اور قومی ہیروزبشمول پاک بحریہ کے شہداء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کیں۔سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمرل ظفر عباسی نے میری ٹائم چیلنجز بشمول میری ٹائم سکیورٹی کے ضمن میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹروپس کے مورال اور جذبے کو سراہا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے حکومت ِ پاکستان کے’’گرین پاکستان ‘‘ پروگرام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کی اور تمام کمانڈز کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہمات کے ذریعے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
بحریہ / کانفرنس

مزیدخبریں