لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) بھارتی حکومت نے پاکستان کے4 عالمی شہرت کے حامل کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کے شوز کے لیے ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔ایشیا کپ کےلئے بھارت کے مختلف ٹی وی چینلز نے پاکستان کے سابق کپتانوں وسیم اکرم،مصباح الحق ،یونس خان اور عالمی شہرت یافتہ لیگ سپنر عبدالقادر سے رابطہ کرکے انہیں بھارت آکر ٹی وی شوز میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔چاروں کرکٹرز ماضی میں بھارت کے درجنوں دورے کر چکے تھے لیکن بھارتی حکومت نے اس کرکٹرز کو ویزے جاری کرنے سے انکارکردیا ۔اب کوشش کی جارہی ہے کھلاڑیوں کو دبئی بلا کر شوز ریکارڈ کئے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مشہور کھلاڑیوں کو بھارت کی ایکسٹرنل منسٹری نے ویزے دینے سے انکار کردیا۔ٹی وی چینلز نے اپنا اثر و رسوخ بھی استعمال کیا لیکن دہلی سرکار ٹس سے مس نہ ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے بڑے چینلز کھلاڑیوں کو نئی دہلی بلواکر ایشیا کپ کے حوالے سے شوزریکارڈ کرنا چاہتے تھے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط منقطع ہونے کے باعث پاکستان نے آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی سے رجوع کیا ہوا ہے کیس کی سماعت ایشیا کپ فائنل کے بعد یکم اکتوبر کو دبئی میں ہوگی۔اسی ماہ جب عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا چارج لیا تھا اس تقریب کے لئے بھارت کے سابق ٹیسٹ اوپنر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان آئے تھے۔۔عمران خان نے سنیل گواسکر اور عامر خان کو بھی مدعو کیا تھا لیکن دونوں نے شرکت سے معذرت کر لی تھی۔