پاکستان کرکٹ بورڈ کو نائب کپتان کی تلاش

Sep 14, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں بورڈ کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی ہے۔ورلڈ کپ تک ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان کے لئے شعیب ملک کا نام سامنے آرہا ہے۔شعیب ملک 2009 میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے، اس وقت وہ پاکستان ٹیم میں سیاست کے بجائے مکمل طور پر کرکٹ پر فوکس ہیں۔ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بعد اس تجویز پر عملی جامع پہنانے کے لئے چیئرمین احسان مانی کو قائل کیا جائے گا۔
نائب کپتان کا تقرر خالصتاً چیئرمین کا استحقاق ہے۔ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ تک نان سٹاپ کرکٹ کھیلنا ہے، اس دوران اگر کسی موقع پر سرفراز احمد ان فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹیم کے پاس نائب کپتان ہونا چاہیے جو ان کی عدم موجودگی میں قیادت کی باگ دوڑ سنبھالے۔ اس تجویز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس بارے میں سوچ وبچار کیا جارہا ہے۔ انضمام الحق مستقل بنیادوں پر نائب کپتان لانے کے حق میں ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے کہ کپتان کے ساتھ بہت کم کھلاڑیوں کو نائب کپتان مقرر کیا جاتا ہے۔مصباح الحق کے ساتھ طویل عرصے تک کوئی نائب کپتان نہیں تھا۔اس بارے میں احسان مانی کی رائے اور رولنگ اہم ہوگی۔شعیب ملک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ان کو سرفراز احمد کے ساتھ نائب کپتان بناکرمستقل کپتان پر دباو¿ بڑ ھ سکتا ہے۔ سرفراز احمد نائب کپتان کے بغیر کئی سالوں سے کپتانی کررہے ہیں، اس موقع پر نائب کپتان کی تقرری سرفراز احمد کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

مزیدخبریں