لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی بھی ہارون رشید کے مداح نکلے وہ ایک ہی ملاقات میں ہارون رشید کی صلاحیتوں کے معترف ہو گئے۔ احسان مانی نے ہارون رشید کو کراچی واپس جانے سے منع کر کے قذافی سٹیڈیم میں ہی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے تجربہ کار کرکٹ منتظم ہارون رشید احسان مانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ان سے ملاقات کے لیے کراچی سے لاہور آئے تھے پہلی ملاقات میں نئے چیئرمین ان سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہیں ہیڈ آفس روک کر ڈومیسٹک کرکٹ پر کام کرنے کی ذمہ داری دےدی۔ ہارون رشید کو دوبارہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کا عہدہ دیا گیا ہے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات کو ذاکر خان ہی دیکھیں گے۔ نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے سے چند روز قبل ہارون رشید کا تبادلہ ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ سے کراچی ہائی پرفارمنس سنٹر کے سربراہ کی حیثیت سے کر دیا گیا تھا جبکہ انہیں نیشنل سٹیڈیم کراچی کے معاملات کو دیکھنے کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔ احسان مانی کے چیئرمین بننے کے بعد ہارون رشید کی پہلی ملاقات انہیں واپس پی سی بی ہیڈ کوارٹر لے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے ہارون رشید کو پاکستان کے تمام فرسٹ کلاس سنٹرز کے بارے جامع رپورٹ تیار کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ ہارون رشید کا شمار ان منتظمین میں ہوتا ہے جو محکمہ جاتی کرکٹ کے حامی مانے جاتے ہیں۔ وہ چیف سلیکٹر، ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ سمیت کئی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انکا شمار نجم سیٹھی کے پسندیدہ افراد میں ہوتا تھا۔