لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) محکمہ داخلہ پنجاب نے 19ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کے لیے عوامی مقامات یا پارکس پر بڑی سکرینز نصب کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ملک بھر میںمحرم الحرام کے سلسلے میں جلوس اور تعزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک بھارت ٹاکرے کے لیے صوبے بھر میں بڑی سکرین نصب کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ، محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے،مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی قسم کے ہلے گلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اس مراسلے کے احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔