لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ اولمپیئن نوید عالم کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔پی ایچ ایف کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ اولمپیئن نوید عالم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ان کی برطرفی کی وجوہات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں۔سابق ورلڈ چیمپیئن اولمپیئن نوید عالم کے خلاف ملک بھر سے مبینہ طور پر مختلف ڈسٹرکٹس کی شکایات موصول ہوئیں تھیں جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایکشن لیتے ہوئے ان کو عہدے سے برطرف کردیا جبکہ ان کے خلاف ایک انکوائری کمیٹی بھی بنادی گئی ہے جو کہ شکایات کا جائزہ لے کر 10 یوم کے اندر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئرر خالد سجاد کھوکھر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ کے عہدے سے ہٹائے جانے والے اولمپیئن نوید عالم نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری پی ایچ ایف کا اپنا عہدہ غیر قانونی ہے۔