لندن(صباح نیوز) برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے پاکستان میں قتل کی گئی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کے قتل کیس میں وزیراعظم عمران خان سے مداخلت کا مطالبہ کردیا۔واضح رہے کہ سامعہ شاہد کو 2016میں جہلم میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔بریڈ فورڈ کی رہائشی 28سالہ سامعہ اپنے والدین کے گھر جہلم آئی تھی، جہاں جولائی 2016میں ان کی موت واقع ہوگئی، اہل خانہ کا دعوی تھا کہ سامعہ کو دل کا دورہ پڑا، جو ان کی موت کی وجہ بنا۔تاہم سامعہ کے دوسرے شوہر مختار سید کاظم نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ ان کی اہلیہ کو قتل کیا گیا، کیونکہ ان کے سسرال والے اس شادی کے خلاف تھے اور بعدازاں تفتیش کے نتیجے میں سامعہ کے پہلے شوہر چوہدری شکیل نے انہیں گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا تھا۔اس کیس میں قانونی کارروائی مسلسل التوا کا شکار ہے۔یہی وجہ ہے کہ بریڈ فورڈ ویسٹ سے برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اس کیس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ رہی ہیں۔ناز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ عمران خان اس معاملے میں مداخلت کرکے یقینی بنائیں کہ ریاست اس کیس کو صحیح طور پر آگے لے کر جائے۔