فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا نے بجلی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دے دی

Sep 14, 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کے حکومتی دعوے ہوا میں اڑا دیئے گئے ۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عوام پر توانائی بم گراتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں چار روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نیپرا نے گزشتہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقسیم کار کمپنیوں کو عوام سے 180 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت دی ہے۔نیپرا کی جانب سے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے لیے پہلے ہی قیمتوں کی سالانہ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا جا چکا تھا۔پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے 17 ارب روپے، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے 23 ارب روپے اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) نے نیپرا سے 15 ارب روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی وصول کی درخواست کی تھی۔سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے چھ ارب روپے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے دس ارب روپے اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے بھی نو ارب روپے سے زائد کی ایڈجسمنٹ وصول کرنے کے لیے نیپرا سے درخواست کی تھی۔بجلی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کی تفصیل کے مطابق نیپرا نے گیپکو کو سات ارب روپے جب کہ حیسکو کو 19 ارب روپے کے بقایا جات وصول کرنے کی اجازت دی ہے۔میپکو کو ملتان کے شہریوں سے 40 ارب روپے اور پیپکو کو خیبرپختونخوا کی عوام سے 26 ارب روپے کے واجبات وصول کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔نیپرا ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ گزشتہ مالی سال کی چار سہ ماہیوں کے بقایا جات کی مد میں کیا گیا ہے۔
نیپرا/بجلی قیمت

مزیدخبریں