اقوام متحدہ ( آن لائن )پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کا مینڈٹ جامع وغیر مبہم ہو اور ان کے پاس معقول وسائل ہوں تاکہ وہ دنیا کے شورش زدہ خطوں میں امن وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے سکیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن آپریشنز کے متعلق بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا امن مشن عالمی ادارے کا کامیاب ترین انڑپرائز ہے۔لائیبیریا، سرالیون اور ایوری کوسٹ میں اقوام متحدہ کے کامیاب مشنز جنہیں حال ہی میں بند کردیا گیا ہے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہ ان تینوں مشنز میں پاکستانی امن دستے شامل تھے۔ ملیحہ لودھی نے امن مشنز کی کارکردگی پر توجہ دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو اپنے فیصلوں کی بنیاد اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کو درکار وسائل کے عملی جائزہ کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے امن مشنز کا منڈیٹ جامع اورغیر مبہم ہونا چاہئے اور ان کے پاس معقول وسائل ضروری ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان نے ایک بڑا کردار ادا کیا ہے۔ 1960 کہ دہائی سے اب تک پاکستان نے اقوام متحدہ کے 43 امن مشنز کیلئے 2 لاکھ اہلکار مہیا کئے ہیں اور ان مشنز میں پاکستان کے 156اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی بھی پیش کی۔اقوام متحدہ کے امن مشنز کو اپنے فوجی فراہم کرنے والے ممالک اور سیکرٹریٹ کے درمیان شفافیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا امن مشنز میں اپنی کارکردگی کو پیش نظر رکھتے پاکستان کبھی بھی کارکردگی کے متعلق کسی بحث سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیںاس کوشش میں ہم سب حصہ دار ہیں اور ہماری ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔