اسلام آباد(این این آئی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قیام ملک سے ناخواندگی کے خاتمے اور کم آمدنی والے طبقات تک تعلیم و تربیت کی اعلیٰ سطحی سہولتیں ان کی رہائش گاہوں کے قریب فراہم کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔ یونیورسٹی کم وسائل رکھنے والے شہریوں کے بچوں کو داخلہ فیس کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی نے فیس انسٹالمنٹ اسکیم متعارف کرادی ہے ٗ اس اسکیم سے وہ طلبہ و طالبات جو یکمشت کسی سمسٹر کی فیس ادا نہیں کرسکتے ٗ ان کی سہولت کے لیے آسان اقساط میں فیس وصولی کی اسکیم جاری کی گئی ہے"ان خیالات کا اظہاراوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ہفتہ وار فالو اپ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مالی معاونت اسکیم کے تحت یونیورسٹی کم آمدنی رکھنے والے طلبہ و طالبات اور مستحق طلبہ کو ان کے پروگرام کی ٹیوشن فیس میں تین سمسٹر تک یا پورے تعلیمی پروگرام میں پچاس فیصد تک رعایت بھی فراہم کرتی ہے۔یونیورسٹی نے غریب اور مستحق طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے 9۔مختلف سکیمیں شروع کردی گئی ہیں جن میں میرٹ سکالرشپ اسکیم ٗ ارن ٹو لرن اسکیم ٗ آئوٹ ریچ اسکالرشپس ٗ فائنل ائیرپراجیکٹ گرانٹ ٗ اسکالرشپ فار کمیونیٹیز ٗ اسکالرشپ فارویمن ٗ فیس انسٹالمنٹ اسکیم ٗ ایلومینائی/سپانسرز سکالرشپ اور مالی معاونت اسکیم شامل ہیں۔