فیروزوالہ (نامہ نگار ) پنجاب بارکونسل کی اپیل پرفیروزوالہ کچہری میںلیڈی کانسٹیبل کوتھپڑ مارنے کے معاملہ پر جمعہ کو بھی مکمل ہڑتال رہی ، عدالتی بائیکاٹ سات روز سے جاری ہے، اس سلسلے میں صدر بار فیروزوالہ احمد سلطان چیمہ کی قیادت میں وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی جوکچہری احاطہ سے جی ٹی روڈ تک پہنچی وہاں وکلاء نے نعرہ بازی کی اور پولیس افسروں کی معطلی کامطالبہ کیا ۔کچہری فیروزوالہ میں عدالتی نظام ٹھپ رہا۔ سائیلین کو مشکلات کاسامناکرنا پڑا اورکچہری احاطہ میں پولیس کاداخلہ بھی بند رہا ۔ ریلی کے بعد صدر بار ،جنرل سیکرٹری، گروپ لیڈران نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ فائزہ کیس میں جب تک ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین، ڈی ایس پی فیروزوالہ ملک محمد یعقوب اعوان ، ایس ایچ او فیروزوالہ رفیع اللہ خاں نیازی اور مقدمہ کے تفتیشی افسران کو معطل نہیں کیا جائیگا وکلا کا احتجاج جاری رہیگا۔ علاوہ ازیںپنجاب بار کونسل کی اپیل پر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں وکلاء نے ماتحت عدالتوں میں جزوی طور پر ہڑتال کی اور بار رومز میں احتجاجی اجلاس منعقد کئے ، تاہم فوری نوعیت کے مقدمات میں پیش ہوئے جبکہ لاہور ہائیکورٹ اس کے علاقائی بنچوں میں وکلاء معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہوئے ۔