مسئلہ کشمیر: پاکستان انتہائی قدم بھی اٹھا سکتا ہے، وزیراعظم نے مودی کو پیغام دیدیا

لاہور (تجزیہ: ندیم بسرا) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے آزاد کشمیر میں کامیاب جلسے نے نریندر مودی کی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں عوامی اجتماع منعقد کرنے کا کھلا چیلنج دیا ہے۔ ساتھ ہی اقوام متحدہ کے آئندہ ہونیوالے اجلاس میں کشمیر پر اپنا بیانیہ بھی سنا دیا ہے۔ عمران خان کے مظفرآباد جلسے اور عوامی طاقت نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر کبھی بھی دستبردار نہیں ہو گا اور پاکستان امن کی طرف آگے بڑھنے کو تیار ہے مگر امن کو کمزوری سمجھنا بھارتی حکومت کی بیوقوفی ہو گی۔ وزیراعظم نے مودی کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر انتہائی اقدام بھی اٹھا سکتا ہے۔ آزاد کشمیر کی فضائوں میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کی گونج لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بھی سنائی دیتی رہی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے چند روز قبل عمران خان نے کشمیر پر اپنا بیانیہ پوری دنیا کے سامنے رکھا کہ کشمیر مسلمانوں کے مسئلے سے بڑھ کر انسانیت اور انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دیا ہے۔ مودی کے اقدامات نسل کشی ہے جو نہرو اور گاندھی کے نظریے کی نفی ہے۔ ہندوستان میں سیکولرزام کا نعرہ لگانے والوں پر آزاد کشمیر پاکستان کے اس جلسے نے مودی کی حکومت کا آر۔ ایس ۔ایس کا نظریہ واضح کردیا ہے کہ مودی کی حکومت نسل کشی پر قائم ہے جو ہندوستان کے لئے خود ایک خطرہ بن گیا ہے۔ اس لئے ہندوستان میں نہرو اور گاندھی کے پیروکاروں کو اب مودی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا ہوگا۔ پاکستان کے منتخب وزیر اعظم عمران خان نے یہ واضح کیا ہے کہ مودی کی کشمیریوں کی نسل کشی ایک طے شدہ پروگرام کا حصہ ہے۔ دوسری جانب دیکھا جائے تو کشمیریوں کو بے وطن ان حالات میں کیا جارہا ہے جب کشمیریوں کی آزادی کی تحریک عروج پر ہے، دنیا میں کسی بھی قوم یا آبادی کو دو صورتوں میں ہی اپنے گھر بار کو چھوڑنا پڑتا ہے یا جنگ کی حالت میں یا کسی بڑے حادثے کی صورت میں۔ مگر آزادی مانگنے والوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کرنا اور انہیں قتل عام کرنا ایک منصوبے کا حصہ ہی ہوسکتا ہے۔ مظفرآباد کے جلسے نے بھی اس آنے والے خطرے کی نشاندہی پوری دنیا کے سامنے کردی ہے کہ اب لڑائی ہوئی تو اس کے اثرات برصغیر پر نہیں بلکہ پوری دنیا پر مرتب ہونگے۔ اس لئے پوری دنیا کی بڑی قوتوں کو انسانی حقوق کی قدر کرتے ہوئے مودی کے بڑھتے قدموں کو روکنا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...