لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن آفیسر سٹیو رچرڈسن اچانک کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیورچرڈسن نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر منصوراختر سے بند کمرے میں ملاقات بھی کی ہے جو لگ بھگ ایک گھنٹے تک جاری رہی۔پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیسر کرنل(ر) عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے دوران عمراکمل نے منصوراختر پر فکسنگ کے لیے آفردینے کا الزام لگایا تھا۔سٹیو رچرڈسن مزید کچھ دن کراچی میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز سے بھی ملاقات کرینگے۔ قومی کرکٹرعمر اکمل گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔کرکٹ بورڈ نے مڈل آرڈر بلے باز کو میچ فکسنگ کی آفرز کے حوالے سے ان کے بیانات پر وضاحت کے لیے طلب کر رکھا تھا۔