لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سرفراز احمد پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کپتان کے عہدے پر برقرار رکھا ہے جبکہ نائب کپتان کیلئے بابر اعظم کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اس بات کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتان بنانے کا فیصلہ مصباح اور چیف ایگزیکٹو کی تجویز کی روشنی میں کیا ہے۔ سری لنکن بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں انہوں نے اپنی حکومت سے اجازت مانگ رکھی ہے۔ ٹیم کا انتخاب کرنا سری لنکن بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز مقررہ وقت پر ہی ہو۔ مصباح الحق ہی قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔اگر مصباح الحق سمجھیں گے تو بیٹنگ کوچ تعینات کردیا جائیگا۔ ٹیم منیجر کا فیصلہ کرلیا ہے ایک دو روز میں اعلان کردیا جائے گا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا۔ سری لنکن سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور جاری ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی۔احسان مانی نے کہاکہ واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ سری لنکا کے خلاف سیریز پاکستان میں ہی ہوگی، دوسرے وینیو کا اب وقت نہیں ہے۔ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اور بابر اعظم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ بطور کوچ اور چیف سلیکٹر کی حیثیت سے مجھ پر بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی نیچے جانے کا ذمہ دار کپتان کو ٹھہرانا غلط ہوگا۔ بابر اعظم کو ابھی سیریز کیلئے نامزد کیا ہے وہ فیصلہ سازی کا بھی حصہ ہوں گے۔ کپتان کو بعض اوقات سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے اور کوشش ہوگی کہ وہ سرفراز کو فراہم کروں گا۔ صرف دو کھلاڑیوں کے نہیں بلکہ بہت سے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ فرسٹ کلاس ٹیموں میں تمام کھلاڑیوں اور تمام کوچز کو بھی اچھی طرح جانتا ہوں اور تمام میچز کو بھی مانیٹر کروں گا۔ چھ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا مشکل کام ہے۔ مگر جب کھلاڑی فلٹر ہوکر آئیں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔