وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مظلوم لوگوں کامقدمہ بھرپوراندازمیں پیش کریں گے۔ اسلام آباد میں کشمیر سیل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بھرپورکوششوں کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پراجاگر ہواہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پر عالمی برادری کے ردعمل نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کے خلاف بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کردیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکی مخدوش صورتحال پرعالمی برادری نے جس تشویش کااظہار کیا ہے وہ یقینا قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اٹھاون ملکوں کامشترکہ بیان بھی نہایت حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں وحشیانہ بھارتی مظالم پرعالمی ردعمل نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھول دی ہے۔اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اوراسلامی تعاون تنظیم کے بعد مسئلہ کشمیر کودیگرعالمی فورموں پراٹھانے سے متعلق قانونی اورآئینی پہلوئوں پربھی تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔