کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے تباہ حال کراچی کوگود لینے پر غور شروع کردیا ہے جس کے لیے قانونی ماہرین سرجوڑکے بیٹھ گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپور ٹ کے مطابق کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلیے شہرقائد کو وفاق نے مسلسل اپنی نگرانی میں بھی رکھا ہوا ہے گزشتہ ماہ کلین کراچی مہم اور وفاق کے دیگر اقدامات بھی اسی سلسلے سے جڑرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق میئر وسیم اختر نے تباہ حال کراچی کی مددکے لیے وفاق کو خط لکھ کرکراچی میں مدعو کرکے اس سلسلے کو شروع کیا کہ وفاق کراچی کوبراہ راست اپنی نگرانی میں لے لے جس کے بعد وفاق کے کراچی میں شروع کی گئی کلین کراچی، شجر کاری مہم اوروفاقی ادارے (ایف ڈبلیواو)کے تحت کراچی کے ندی نالوں کی صفائی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔وفاقی حکومت نے کراچی میں مکمل طورپرسرگرم اور فعال ہونے کا فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے مسائل کس طرح اورکیسے حل کیے جائیں اس حوالے سے وفاقی حکومت نے قانونی پہلووں اوراس سے پیدا ہونے والی باریک بینی اور قانونی سقم کا بھی جائزہ بھی لینا شروع کردیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خاں 14ستمبر کو کراچی کا دورہ کریں گے جس میں وفاقی وزرا سے کراچی کی صورتحال پر مکمل بریفنگ اورآئندہ کے لائحہ کے حوالے سے ہدایات بھی دیں گے، معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم تاجروں، اور میئرکراچی سمیت دیگر اہم اتحادیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔