اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)ء پیراگوائے میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی چھ ویں عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹر آغا محمد شاہ زیب درانی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی پامالیوں اور کرفیو کے باعث محصور عوام کو درپیش مسائل پر 40 سے زائد رکن ممالک کے 100 سے زائد اراکین پارلیمنٹ اور مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے مہذب دنیا کی روایات ،عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے مسلمہ اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا اور حق خود ارادیت کیلئے اٹھائی گئی آواز کو دبانے کی کوشش کی ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اب روائتی طریقہ کار سے نکل کر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باعث خوف کی فضاہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے شرکاء کو بتایا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ40 روز سے کرفیو نافذ ہے اوراس کے باعث عورتیں، بچے اور بوڑھے بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ادویات اور اشیائے خورد نوش نا پید ہو گئی ہیں ۔ سینیٹر درانی نے کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ وادی میں انسانیت کے خلاف جرائم ارتکاب اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔انہوں نے واضح کیاکہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتے ہیں ۔بین الپارلیمانی یونین کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اس اہم فورم کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ فورم اہم مسائل کے حل کیلئے تبادلہ خیا ل کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے ۔فورم کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اظہار یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ۔پیراگوائے میں منعقدہ کانفرنس میں100 سے زائد مندوبین شریک ہیں ۔خطے کی صورتحال ک ذکر کرتے ہوئے سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ سینیٹر آغا زشاہ زیب درانی نے فورم کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمار ا بااعتماد ساتھی اور اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک اہم امور پر ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں ۔پاکستان ’’ون چائینہ پالیسی‘‘پر چین کے نقطہ نظر کی حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں ۔
ینگ پارلیمنٹیرینزفورم نے کشمیرکی صورتحال کوتشویشناک قراردیدیا
Sep 14, 2019