اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان میں جاپان کے سفیر کنی نوری متسودا نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ جاپان کا آفات کے حوالے سے نظام دیگر ممالک کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں ترقی اور آفات سے نمٹنے کے نظام کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا اور نظام کو موثر بنانے میں جاپان کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ جاپان کے سفیر نے پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں ترقی کو سراہتے ہوئے حکومت جاپان کی جانب سے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کا دورہ بھی کیا جہاں این ڈی ایم اے کے ممبر آپریشن بریگیڈئیر مختار احمد نے سفیر کو پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔