وزیراعظم عمران خان نے واضع طور پر کہا ہے کہ معاشی استحکام اور کاروباری برادری کو سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف وزارتوں کو ہدایت کی کہ سہ ماہی اہداف کے کامیابی سے حصول کیلئے نظام الاوقات پر مبنی واضح طریقہ کار وضع کیا جائے۔انہوں نے معیشت کو بہتر بنانے کیلئے غیر روایتی حل اور تجاویز پیش کرنے اور قابل عمل سفارشات پر عمل درآمد کیلئے تمام فریقین سے مشاورت کرنے پر زور دیا۔عمران خان نے کہا کہ معیشت کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کا مکمل حقائق کے ساتھ جواب دیا جائے تاکہ لوگوں کے سامنے ماضی کی صورتحال اور حالیہ بہتری کی واضح تصویر موجود ہو۔وزیراعظم نے قومی معیشت میں زراعت کی اہمیت اور حکومت کی طرف سے اس شعبے میں اٹھائے گئے انقلابی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زراعت کے تمام شعبوں کے فروغ کیلئے ایک تفصیلی پالیسی تیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اس پالیسی اور ان کے فائدے کیلئے کئے گئے متعلقہ اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا کہ چھوٹے اور درمیان درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کارخانوں اور بیمار صنعتوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے جن کو ماضی میں بد انتظامی اور مالی مسائل کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ CIRC کے فعال کردار اور نیشنل بینک ، سٹیٹ بینک اور دیگر اداروں سمیت تمام فریقین کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے سے بیمار صنعتوں کی بحالی کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔وزیراعظم نے تعمیراتی شعبے کے فروغ کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے اور بڑے شہروں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر فکس ٹیکس عائد کرنے کے سلسلے میں ایک تجویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ اس سلسلے میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔عمران خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ پارٹمنٹس کی تعمیر کے فروغ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے مالی مراعات کے پیکج کی ایک تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے۔
مختلف وزارتو ں کو سہ ماہی اہداف کے کامیابی سے حصول کیلئے نظام الاوقات پر مبنی طر یقہ کار وضع کرنے کی ہدایت
Sep 14, 2019 | 19:31