حکمہ جنگلی حیات نے کارروائی کرتے ہوئے معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیر زادہ کے 4اژدھے، مگر مچھ اور سانپ رکھنے پر چالان کر دیئے۔
رابی پیر زادہ کیخلاف کارروائی سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو اور دنیا نیوز کی ویب سائٹ پر نشر ویڈیو کا نوٹس لیکر کی گئی، ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن عبدالشکور منج کی سربراہی میں تشکیل دی گئی۔
ڈسٹرکٹ وائلڈلائف آفیسر لاہور تنویر احمد جنجوعہ اور دیگر سٹاف پر مشتمل ٹیم نے معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ کیخلاف 4 اژدھے، مگر مچھ اور دیگر اقسام کے سانپ رکھنے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم نے تحقیقات کیں اور رابی پیرزادہ کے خلاف چالان مرتب کرکے ماڈل ٹاون لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔
حکام کے مطابق اژدھا، مگر مچھ اور سانپ وغیرہ رکھنا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، ایسے جانور رکھنے پر جرمانہ اور پانچ سال قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گلوکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے سانپ، مگر مچھ اور اژدھا کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کشمیر میں جاری جارحیت پر للکارا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا تھا رابی پیرزادہ کشمیری لباس زیب تن کیے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ایک کشمیری لڑکی کی مودی کے خلاف تیاری، ویسے تو اسے جہنم میں جانا ہی ہے مگر اس جیسے انسان کی دنیا بھی جہنم ہونی چاہیے۔
رابی پیر زادہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سانپ اور مگرمچھ ویڈیو شوٹنگ کے لیے استعمال کیے گے تھے، سانپ میری ملکیت نہیں ہے، گانا شوٹ کرنے کے لیے منگوائے گئے تھے۔