لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ قابل سرجنز کو مضبوط اعصاب اور ہمہ وقت حاضر دماغی کا مالک ہونا چاہیے تاکہ وہ پیچیدہ اور مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کا بے خوف و خطر کامیاب آپریشن کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سرجری کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرزاپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر مریضوں کی جانیں بچاتے ہیں جو کسی جہاد سے کم نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کرتے رہیں اور خود جدید تکنیکی ڈویلپمنٹ سے اپ ڈیٹ رکھیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ان خیالات کا اظہار لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ سرجری یونٹ ون کے زیر اہتمام ایف سی پی ایس /ایم ایس سرجری کی تعلیم مکمل کرنے والے سرجنز کے لئے منعقدہ ریفریشر کورس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ملک کے چاروں صوبوں سے 80سے زائد سرجن ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر محمد فاروق افضل، پروفیسر غیاث النبی طیب،پروفیسر عبدالحمید چوہدری، پروفیسر خالد درانی، پروفیسر ابو الفضل علی خان، ڈاکٹر فیصل حنیف، ڈاکٹر نجم الدین،ڈاکٹر محمد عمران کھوکھر، ڈاکٹر اجمل فاروق، ڈاکٹر اویس امجد ملک اور ڈاکٹر زیب نے بھی سرجری سے متعلق مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے اور اپنے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے اس شعبے میں درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ریویو کورسز کا انعقاد ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے اور حاصل کی گئی تعلیم اور سرجری کی تربیت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں ۔