ٹیکسیشن نظام میں اصلاح ریونیو اتھارٹی کی بڑی کامیابی ہے:جاوید اقبال

Sep 14, 2020

لاہور( کامرس رپورٹر)ممبر پالیسی پنجاب ریو نیو اتھارٹی ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پنجاب ریو نیو اتھارٹی نے ٹیکسیشن کے نظام کو آسان بنا کر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں،اگر ٹیلی کام سیکٹر سے معاملات حل ہو جاتے ہیں تو 166 ارب کا ٹیکس ہدف پورا ہوسکتا ہے ،الیکٹرونکس انوائس مانیٹر نگ سسٹم سے ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹیکسیشن نظام کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مذاکرے سے چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم سید حسن علی قادری ، سینئر چارٹر اکائونٹنٹس عمر ظہیر میر ، ملک ہارون احمد ، فیصل اقبال خواجہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا اور اپنی تجاویز دیں۔ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے کہا کہ 1/4 فیصد ٹیکس ٹیلی کام سیکٹر سے آتا ہے اس لئے ٹیلی کام سیکٹر سے معاملات طے ہونے کی صورت میں 166ارب کا ہدف پورا ہو سکتا ہے۔الیکٹرونکس انوائس مانیٹر نگ سسٹم سے ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ بڑھانے سے مدد ملے گی،سادہ اور آسان ریٹرن متعارف کرائی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان کی آسانی کے لیے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔سید حسن علی قادری ، عمر ظہیر میر ، ملک ہارون احمد ، فیصل اقبال خواجہ نے سروسز پر ٹیکسز کی ریٹس کم کرنے کے ساتھ ودہولڈنگ رجیم کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس رجیم سے بزنس اور ٹیکس پئیر خطرے میں ہیں۔، پی آر اے افسران اپنے رویے دوستانہ اور ٹیکس دہندگان کو بہم سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں اور حکومت ایز آف ڈوئنگ بزنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کے لیے کوشش کرے۔

مزیدخبریں