لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ضیاء حیدر رضوی اور عائشہ افتخار قاضی گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار علی احسن رانا نے کامیابی حاصل کر لی جبکہ باقی تمام نشستوں پر ڈیمو کریٹک اور نعیم شاہ گروپ کے امیدواروں نے میدان مار لیا۔ چیف الیکشن کمشنر پیرزادہ مامون الرشید نے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2020-21کے انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کے حمایتیوں نے بھرپور جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر علی احسن رانا 888ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل جمیل اختر بیگ نے 870ووٹ حاصل کئے جبکہ 78ووٹ مسترد قرار پائے۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پررانا کاشف ولایت 891ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل ایم آصف رانا نے 857ووٹ حاصل کئے جبکہ 88ووٹ مسترد ہوئے۔ نائب صدر کی نشست پر گلباز قیصر نے 896جبکہ ان کے مد مقابل سید فہیم ہاشمی نے 883ووٹ حاصل کئے ، فنانس سیکرٹری کے عہدے پر چوہدری شاہزب ریاض نے 978جبکہ ان کے مد مقابل قدیر آصف 718ووٹ حاصل کر سکے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر مقدم منشاء سکھیرا نے سب سے زیادہ 1038جبکہ ان کے مد مقابل احسان سلیم نے 657ووٹ حاصل کئے۔