اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم نے سکھر۔ ملتان موٹروے کا تفصیلی دورہ کیا اور موٹروے پر قائم ٹول پلازوں، سروس ایریاز اور ریسٹ ایریاز پر سفری اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سینئر افسران، متعلقہ ٹھیکیدار اور آپریٹرز ان کے ہمراہ تھے۔اپنے دورے کے آغاز پر کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم نے روہڑی سروس ایریا کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اعظم پور اور اچ شریف سروس ایریا پر پٹرول پمپ کے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سروس ایریا کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔گھوٹکی ٹول پلازہ پر انہوں نے عوامی سہولیات کا جائزہ لیااور کچن کے معائنہ کے دوران غیر معیاری اشیا اور صفائی کے امور کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سروس ایریا پر عوامی سہولیات کو سات روز میں بہتر بنایا جائے بصورت دیگر ٹھیکہ منسوخ کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے موٹروے پر قائم سروس ایریاز پر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹر کے استعمال کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ سروس ایریاز پر معذور افراد کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو سروس ایریاز اور ٹول پلازوں پر اعلی معیار کی عوامی سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کا متعلقہ ممبر ہر ہفتہ سروس ایریاز اور ٹول پلازوں کا دورہ کریں گے اور اگر صفائی اور دیگر امور کی حالت بہتر نہ ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے سروس ایریاز پر کھانے پینے کی اشیا کی کوالٹی اور قیمتوں سے متعلق لوگوں کی رائے معلوم کی۔کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم نے انٹیلی جینٹ ٹرانسپورٹ سسٹم سے متعلق ٹریفک کنٹرول سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اوورلوڈ گاڑیوں کو چیک کرنے کے نظام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر کیپٹن ریٹائرڈ سکندر قیوم نے ملتان سروس ایریا پر لوگوں کے ٹھہرنے کے کمروں اور وہاں پر معیاری سہولیات کی فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سہولیات دیگر سروس ایریاز پر مہیا کرنے کی کوشش کی جائے۔